تاریخِ اسلام کے وہ پاکیزہ نفوس ہیں کہ جنہوں نے
- براہ راست صاحبِ وحی صلی اللہ علیہ وسلم سے دین کو سمجھا اور اس پر عمل کیا
- اپنے بعد آنے والی نسلوں تک دین کو من و عن پہنچایا
- آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے زیرِ تربیت رہ کر اخلاق و اعمال کو منشائے خداوندی کے مطابق درست کیا اور سیرت و کردار کی پاکیزگی حاصل کی
- تمام باطل نظریات سے کنارہ کش ہو کر حق کو اختیار کیا اور رضائے الٰہی کے لیے اپنا سب کچھ اپنے محبوب رسول (صلی اللہ علیہ وسلم) کے قدموں پر نچھاور کر دیا
صحابہ کرام کی جماعت اس پوری کائینات میں وہ خوش قسمت جماعت ہے کہ جس کی تعلیم و تربیت اور تصفیہ و تزکیہ کے لیے اللہ تعالیٰ نے سرورِ کائینات صلی اللہ علیہ وسلم کو استاد و اتالیق مقرر کیا۔
اس بات کا ہمیشہ خیال رکھا جانا چاہئے کہ صحابہ کرام (رضوان اللہ عنہم اجمعین) نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبتِ عالمانہ و فاضلانہ کے فیض یافتہ تھے۔
اگر وہ معصوم نہیں تو محفوظ ضرور تھے۔ ان کی نیتیں ہمیشہ نیک اور مقاصد خیر و فلاح پر مبنی ہوتے تھے۔ اگر کوئی کوتاہی بھی ہو جاتی تو اپنی بات پر اڑنے کے بجائے شرح صدر سے حق کو تسلیم کرتے ہوئے رجوع کر لیتے تھے۔
ایسی روایات جن سے اصحابِ رسول (صلی اللہ علیہ وسلم) کے کردار پر زد پڑتی ہو ، انہیں تحریر یا تقریر میں لانے سے قبل ان کی مکمل تحقیق کی جانی چاہئے۔ اگر تحقیق کی ہمت نہ ہو تو ایسے معاملات میں سکوت اختیار کیا جانا چاہئے اور صحابہ کرام (رضوان اللہ عنہم اجمعین) کے صادق و عادل ہونے کے مجمل عقیدے پر قائم رہنا چاہئے جیسا کہ اہل سنت کے تمام ائمہ کرام نے ہمیں نصیحت کی ہے۔
اردو بلاگنگ کے منظرِ عام پر اس موضوعاتی بلاگ بعنوان :
الصحابة كلهم عدول
کی پیشکشی کے حقیقی اغراض و مقاصد میں درج ذیل امور پیش نظر ہیں ۔۔۔- صحابہ کرام (رضوان اللہ عنہم اجمعین) کے فضائل و مناقب پر مبنی مستند روایات کو سامنے لایا جائے
- صحابہ کرام (رضوان اللہ عنہم اجمعین) کیلئے محبت و مودت ، عزت و اکرام کے جذبات کو بیدار کیا جائے
- مشاجراتِ و اختلافاتِ صحابہ (رضوان اللہ عنہم اجمعین) کو درگزر کرنے اور ان کے اعمالِ صالحہ سے فیضیاب ہونے کی ترغیب دلائی جائے
- غلوِ عقیدت کے بجائے فہمِ سلف الصالحین کی طرح راہِ اعتدال کو اپنایا جائے
- جن کتب یا مضامین یا افکار و نظریات سے صحابہ کرام (رضوان اللہ عنہم اجمعین) کی توہین و تنقیص ہوتی ہو ، قرآن و سنت کی روشنی میں اور افراط و تفریط سے بچتے ہوئے اہل سنت ائمہ و علماء کی اجماعی تحقیق کے ذریعے ان کا بادلائل ردّ کیا جائے
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اصحابِ رسول (صلی اللہ علیہ وسلم) سے سچی محبت کرنے اور ان کے راستے پر چلنے کی توفیق عطا کرے اور قیامت کے روز انہی کے ساتھ ہمیں جنت میں داخل فرمائے ، آمین۔
نوٹ :
قارئین کرام و محترم مبصرین سے چند گذارشات ۔۔۔- جن کتب و رسائل سے استفادہ کیا جا رہا ہے ، ان کی ایک فہرست یہاں ملاحظہ فرمائیں۔
- اس بلاگ کے مضامین کہیں بھی نقل کئے جا سکتے ہیں ، البتہ اصل تحریر کا ربط دینے کا التزام فرمائیں۔
- مفید آراء و مشورہ جات کے لیے تبصروں کے نظام سے یا پھر ایمیل سے ربط کیا جا سکتا ہے۔
- تبصرے کے ذریعہ غیرضروری بحث کھڑی کرنے سے پرہیز فرمائیں۔
- مودبانہ گذارش ہے کہ مسلم معاشرہ کی تعلیم و تربیت کا جذبۂ خیر ذہن میں رکھتے ہوئے اس بلاگ کے متعلق اپنے تمام اعزہ و اقرباء، دوست و احباب کو ضرور مطلع فرمائیں۔
بلاگ پر آپ کی آمد کا ممنون و متشکر
آپ کا مخلص
باذوق (سعودی عرب)
baazauq [at] yahoo.com
- یکم رمضان المبارک 1431ھ [مطابق] 11 / اگست 2010ء
- یکم رمضان المبارک 1431ھ [مطابق] 11 / اگست 2010ء